جمعرات,  24  ستمبر 2026ء
اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

اسلام آبا(کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 5 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 118.15 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 950 گرام آئس برآمد کی گئی۔ کراچی کے ایک کورئیر آفس میں آسٹریلیا جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران خواتین کے کپڑوں میں جذب کی گئی 16 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

پشاور: اے این ایف کی بڑی کارروائیاں، گھروں میں نشہ آور گولیاں بنانے والے 2 نیٹ ورک پکڑے گئے

خانوزئی، ضلع پشین کے قریب ایک گاڑی سے 45.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چارسدہ روڈ پشاور میں پل کے قریب گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسی طرح ہسپتال روڈ چارسدہ کے قریب 3 خواتین کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد بس ٹرمینل کے قریب 2 ملزمان سے 1.6 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

اے این ایف نے کلی داؤد آباد، ضلع چاغی کے قریب کارروائی کے دوران 30 کلوگرام افیون بھی برآمد کی۔

اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں