ایڈمنٹن (روشن پاکستان نیوز) کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں عالمی حلقۂ فکروفن اور بزمِ سخن ایڈمنٹن کے باہمی اشتراک سے ایک پروقار اور یادگار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز شعرا، ادبی شخصیات اور اردو شعر و ادب سے محبت رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مشاعرہ کی صدارت نامور شاعر اور طنز و مزاح کے ممتاز قلم کار خالد عرفان نے کی جبکہ ڈاکٹر سکندر علی مطرب مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے بخوبی سرانجام دیے۔
صدرِ مشاعرہ خالد عرفان نے اپنی شگفتہ بیانی اور طنزیہ شاعری سے محفل میں خوب رنگ جمایا جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سکندر علی مطرب نے اپنی فکر انگیز نظموں اور دل نشیں کلام سے داد حاصل کی، ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے اپنی شستہ گفتگو اور دلکش نظامت کے ساتھ اپنا پراثر کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد حاصل کی۔
سعودی عرب میں پیپلزپارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے زیرِ اہتمام اجلاس
اس موقع پر بزمِ سخن ایڈمنٹن کی صدر ڈاکٹر کشور غنی نے معزز مہمانوں اور شعرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا اور اپنا کلام بھی پیش کیا۔ انہوں نے اختتام پر تمام مہمانوں اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔
مشاعرہ میں کیلگری سے خصوصی طور پر تشریف لانے والے شعرا شیراز مہدی، سمن طارق اور سہیل اقبال نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جبکہ ایڈمنٹن کے مقامی شعراء ڈاکٹر امتیاز ہارون، ڈاکٹر سید سجاد، وقار احمد اور یاسمین اعجاز نے بھی اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
مشاعرہ میں پیش کیے جانے والے متنوع شعری کلام کو حاضرین نے بھرپور پذیرائی بخشی جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ عالمی حلقہء فکروفن اور بزمِ سخن ایڈمنٹن کی مشترکہ کاوش دیارِ غیر میں اردو زبان و ادب کے فروغ، شعری روایت کے تسلسل اور کمیونٹی کی تہذیبی وابستگی کے اظہار کا خوبصورت ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔











