جمعرات,  24  ستمبر 2026ء
عوام پر 5 ہزار روپے ماہانہ کا نیا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا

لاہور(روشن پاکستان نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے ایک نیا اور مؤثر میکنزم متعارف کروا دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت اب محکمہ ایکسائز پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ ساتھ صفائی فیس کی وصولی بھی یقینی بنائے گا۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اور ڈی جی ایکسائز نے اس حوالے سے سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔ نئے نظام کے مطابق سال 2026-2027 کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ گھر گھر سروے اور صفائی بلوں کی پرنٹنگ کے فرائض بھی سرانجام دے گا، جبکہ فیس اکٹھی کرنے کے عوض ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ 1 فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔

صفائی فیس کی وصولی کا یہ فیصلہ اگست میں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا جس کا مقصد پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت رہائشی علاقوں میں 5 مرلہ گھروں سے 300 روپے ماہانہ، 5 سے 10 مرلہ تک کے گھروں سے 500 روپے ماہانہ، 10 سے 20 مرلہ گھروں سے 1,000 روپے ماہانہ، 20 سے 40 مرلہ گھروں سے 2,000 روپے ماہانہ، اور 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5,000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔

لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت، فیصلہ محفوظ

اسی طرح چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے 1,000 روپے، اور بڑے کمرشل یونٹس سے 3,000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔ اس مربوط نظام سے صوبے بھر میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور فیسوں کی وصولی کے عمل کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں