کراچی(روشن پاکستان نیوز) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی خود ساختہ قیادت نہ کراچی کے عوام کی منتخب کردہ ہے اور نہ ہی حقیقی نمائندہ۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے ناصرحسین شاہ نے کہا کہ خالد مقبول کی پریس کانفرنس سے واضح ہے کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، خالد مقبول کا ذہنی دباؤ قابلِ فہم ہے، ان کا علاج صرف وفاقی وزیرِ صحت کے پاس ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت صوبےکونہیں بلکہ عوام، تجارت، امن اور خوشحالی کویرغمال بنانےکی بات کررہی ہے،کراچی کے عوام ان کے چہرے اور ماضی کو خوب پہچانتےہیں، شہریوں نے انہیں مسترد کیا ہے۔
صوابی: باپ بیٹوں سمیت 5 افراد دریائے سندھ میں ڈوب گئے
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ تقسیم نہیں ہوگا لیکن وہ ایم کیو ایم کو تقسیم ہوتا ہوا ضرور دیکھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں نئے صوبوں کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے قومی ڈائیلاگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ صوبے قانونی تقاضوں پر نہیں بنائے گئے تھے، آج ملک میں جو صوبے ہیں وہ لسانی بنیادوں پر بنائے گئے تھے، زیادہ آبادی کے باوجود یہ صوبے انتظامی یونٹ ہیں، آبادی کی رفتار سے زیادہ ملک بھر میں اضلاع بنا دیے گئے، لیکن آبادی کے بڑھنے کے باوجود صوبے نہیں بنائے گئے۔











