راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، چوری، نقب زنی اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ گوجرخان پولیس نے دو ہفتے قبل سابقہ رنجش پر ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے شہری کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا، جسے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے ساتھی کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
دوسری کارروائی میں تھانہ مندرہ پولیس نے چوری، نقب زنی اور دیگر وارداتوں میں ملوث چار رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے 2 لاکھ 60 ہزار 400 روپے کی مسروقہ رقم، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور رکشہ برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان رکشے کے ذریعے ریکی کرکے وارداتیں کرتے تھے اور جڑواں شہروں میں چوری، ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار
تھانہ وارث خان پولیس نے بھی اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گھریلو تنازع پر چھری کے وار کرکے اپنے داماد کو زخمی کیا تھا۔
ایس پی صدر انعم شیر اور ایس پی راول سعد ارشد نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں گے۔ کھلی کچہریاں 22 جولائی 2026 کو تھانہ آر اے بازار اور تھانہ ویسٹریج کے علاقوں میں منعقد ہوں گی، جہاں شہری اپنی شکایات پیش کر سکیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔











