برلن(روشن پاکستان نیوز) جرمنی کے شمالی علاقے میں ایک تیز رفتار گاڑی لوگوں کے ہجوم میں جا گھسی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز (26 اکتوبر کو) جرمنی کے علاقے ہینوور کے قریب ایک قصبے میں آدھی رات کو پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت معمولی جب کہ کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت وہاں قریب ہی پولیس کی ایک ٹیم معمول کی ٹریفک چیکنگ میں مصروف تھی۔
سحر کامران کی جرمنی کے یومِ اتحاد کی تقریب میں شرکت، پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کے فروغ پر زور
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مداخلت کر کے مزید نقصان کو روکنے کی کوشش کی اور گاڑی کو روکنے کے لیے اس پر فائرنگ بھی کی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے عندیہ ملتا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے، تاہم حملے کی وجہ اور ان کے درمیان تعلقات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹ کے مطابق گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہو گئے، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ گاڑی کو لوگوں کے ہجوم میں کیوں گھسایا گیا۔











