اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو لاکھوں لوگوں کے لیے امید کی کرن، جمہوریت، انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کی ایک توانا آواز تھیں۔
اپنے پیغام میں سحر کامران نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا میں خواتین کی قیادت کے لیے نئی راہیں ہموار کیں اور مسلم اکثریتی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بن کر تاریخ رقم کی۔
ایف بی آر کی کارکردگی پر سوالات، عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے: سحر کامران
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ محروم اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ان کی خدمات آج بھی عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ سحر کامران کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو عملی شکل دیتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لاکھوں خاندانوں کے لیے ایک مؤثر سماجی تحفظ کا نظام بن چکا ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی جمہوریت، سماجی انصاف اور عوامی خدمت کے لیے قربانیاں اور خدمات ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر اور تحریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کا مشن ہمیشہ قوم کی رہنمائی کرتا رہے۔











