جمعرات,  07 مئی 2026ء
پنجاب میں مزدوروں کیلئے آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کام کی جگہوں پر بیماریوں اور حادثات سے نمٹنے کیلئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) اسلام آباد اور پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن (PESSI) کے درمیان پنجاب بھر میں آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ (OSH) مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا پہلا مرکز لاہور میں قائم کیا جائے گا۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط HSA کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان اور PESSI کے کمشنر ذوالفقار کھرل نے کیے۔ تقریب میں صوبائی وزیر محنت پنجاب منشا اللہ بٹ اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر عظیم نیلسن بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت ایسے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں مزدوروں، خصوصاً فیکٹریوں، تعمیراتی شعبے اور غیر رسمی صنعتوں میں کام کرنے والے افراد کو حفاظتی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان مراکز میں پیشہ ورانہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں ہزاروں مزدور روزانہ خطرناک کیمیکلز، غیر محفوظ مشینری اور نامناسب ماحول کا سامنا کرتے ہیں، جس کے باعث سانس کی بیماریاں، جسمانی چوٹیں اور دیگر پیچیدہ مسائل جنم لیتے ہیں، تاہم مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث اکثر کیسز بروقت رپورٹ نہیں ہو پاتے۔

ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ یہ شراکت داری ورک پلیس ہیلتھ کو پبلک ہیلتھ نظام کا اہم حصہ بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز تربیت، تحقیق اور پالیسی سازی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

کمشنر PESSI ذوالفقار کھرل نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پنجاب میں مزدوروں کیلئے محفوظ کام کا ماحول اور بہتر طبی سہولیات یقینی بنانا ہے تاکہ پیشہ ورانہ بیماریوں کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔

حکام کے مطابق OSH مراکز کے قیام سے نہ صرف حفاظتی قوانین پر عملدرآمد بہتر ہوگا بلکہ صحت کے شعبے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے اور مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی مدد ملے گی۔

مزید خبریں