هفته,  15  اگست 2026ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے قتل، ہوائی فائرنگ، امانت میں خیانت اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ پولیس افسران نے مختلف تھانوں اور پولیس لائنز میں کھلی کچہریاں منعقد کرکے شہریوں کی شکایات سنیں اور فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

تھانہ گوجرخان پولیس نے غیرت کے نام پر اپنی سگی بہن کو قتل کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پسند کی شادی کرنے کے معاملے پر فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کیا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ ملزم کو ٹیکنیکل اور انسانی ذرائع سے حاصل معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ ایس پی صدر نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

تھانہ چکلالہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے ذریعے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

دوسری کارروائی میں وارث خان پولیس نے امانت میں خیانت کے مقدمے میں مطلوب تین اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان اگست 2024 سے مطلوب تھے، جنہیں ٹیکنیکل اور انسانی ذرائع سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے تھانہ ٹیکسلا اور سیف سٹی ٹیکسلا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ، حوالات، تھانے کی عمارت اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کے لیے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کرتے ہوئے 5 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں تھانہ پیرودھائی، چکلالہ، مندرہ اور گوجرخان کے علاقوں میں کی گئیں۔

پشاور: گلبہار پولیس کی کارروائی، اسلحہ نمائش کرنے والے 5 ملزمان گرفتار

دریں اثنا سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے تھانہ کلرسیداں اور تھانہ کہوٹہ میں کھلی کچہریاں منعقد کیں، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ناقص تفتیش اور درخواستوں پر ای ٹیگ نہ لگانے پر 4 تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔ سی پی او نے شہریوں کی قبضے سے متعلق درخواستوں پر فوری قانونی کارروائی، کہوٹہ میں چوری کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرنے اور شہری کی درخواست پر اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ تھانے کی سطح پر شہریوں کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے، جبکہ درخواستوں پر ای ٹیگ نہ لگانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

اسی طرح ایس پی سکیورٹی اصغر علی گورائیہ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری منعقد کی اور شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نشان زدہ درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانونی کارروائی مکمل کی جائے اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایس پی سکیورٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں