سینٹ پیٹرز برگ(روشن پاکستان نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں پاکستان اہم ثالث ہے، پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت انتہائی کامیاب رہی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچ کر ایرانی میڈیا سے اہم گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں ایک اہم ترین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پہلے مذاکراتی دور میں کافی پیش رفت ہوئی تھی، تاہم امریکہ کی جانب سے حد سے زیادہ مطالبات اور نامناسب رویے کے باعث یہ بات چیت کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے غیر ضروری مطالبات مذاکرات میں پیش رفت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، ایران اپنے اصولی مؤقف اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کے حالیہ دورہ پاکستان اور عمان کا مقصد دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال پر مشاورت کرنا تھا، پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت انتہائی کامیاب رہی، ملاقاتوں میں ماضی کی سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر مفید تبادلہ خیال ہوا۔
امریکا اور ایران میں مذاکرات کی خواہش مگر اعتماد کا فقدان بڑی رکاوٹ ہے: سحر کامران
عباس عراقچی نے کہا کہ روس کے ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر ہمیشہ قریبی مشاورتی عمل رہا ہے، حالیہ جنگ کی وجہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ معطل تھا، جسے اب دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کی 40 روزہ مزاحمت نے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا ہے اور اب مزید سفارتی کوششوں کے لیے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔











