منگل,  07 اپریل 2026ء
منی بجٹ سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کا بڑ ااعلان
معدنی وسائل نکالنے میں کامیاب ہوئے تو آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہہ سکتے ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں منی بجٹ لانے اور نئے ٹیکسز عائد کرنے کی تمام تجاویز کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئی تھیں، تاہم انہوں نے نئے بجٹ سے پہلے کسی بھی قسم کے نئے ٹیکس لگانے یا ٹیکس ریٹ بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے باعث عوام پہلے ہی پریشان ہیں، لہٰذا مزید ٹیکس لگانے یا منی بجٹ لانے کا نہ سوچا جائے۔ انہوں نے معاشی ٹیم کو ہدایت دی کہ آئی ایم ایف کو مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں معاشی اہداف پر نظرثانی کے لیے قائل کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مئی کے آخری ہفتے میں بجٹ پیش کرنے کی تجویز بھی مسترد کر دی ہے اور حکم دیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر بجٹ تجاویز پر مفصل مشاورت کی جائے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز، 100 انڈیکس میں 4400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث آئندہ بجٹ کی ترجیحات میں تبدیلی کا امکان ہے، جس سے افراطِ زر، مالیاتی خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے تین سالہ اہداف متاثر ہو سکتے ہیں۔

موجودہ صورتحال کے پیش نظر اب قومی بجٹ جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں