هفته,  11 اپریل 2026ء
حکومت گرفتار کئے گئے تمام تاجروں کو فوری رہا کرے، اجمل بلوچ

انتظامیہ نے اپنے رویئے پر نظر ثانی نہ کی تو ڈی سی آفس کا گراؤ کریں گے، سجاد عباسی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراجمل بلوچ نے کہا ہے کہ نانبائی مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی نہیں بیچ سکتے،تاجروں کو چور اور ڈاکونہ کہا جائے،تاجرملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،حکومت گرفتار کئے گئے تمام تاجروں کو فوری رہا کرے،مل بیٹھ کر روٹی کی قیمت مقرر کی جائے، عدالتی احکامات کا احترام کیا جائے،حکومت فوری طور پہ پٹرول کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے بصورت دیگر ملک بھر کے سوا کروڑ تاجرسڑکوں پر احتجاج کرینگے،اجمل بلوچ نے ان خیالات کا اظہار صدر کیپیٹل نانبائی ایسوسی ایشن سجاد علی عباسی،بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،حنیف میر سردار محمد ادریس و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اجمل بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم قوم کو سادگی اور بچت کی نصیحت کرتے ہیں مگر خود اس پر عمل نہیں کرتے،پاکستان میں سب کا مفت پٹرول مفت بجلی مفت گیس اورمفت کی گاڑیاں بند ہونی چاہیں،عدالت کے اسٹے کے باوجود نانبائیوں پر اسلام آباد انتظامیہ کا کریک ڈاؤن ظالمانہ قدام ہے، اس قانونی خلاف ورزی پر ان افسران کیخلاف کون ایکشن لے گا؟اس موقع پر کیپیٹل نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد علی عباسی کا کہنا تھا کہ تاجر پاکستان کے محب وطن اور مہذب شہری اور ٹیکس پیئر ہیں،آٹے کی آٹھ ہزار والی بوری بارہ ہزارجبکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سےایل پی جی گیس سلنڈرآٹھ سے دس ہزار کی ملتی تھی اکیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اسکے باوجود نانبائی اسکا تمام تربوجھ عوام پرڈالنے کے بجائےمناسب ریٹ پر روٹی فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیںتاکہ انہیں بھی کوئی نقصان نہ ہو،مگر گذشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے نانبائیوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں تاجروں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کر دیا گیا،خدارا تاجروں پر یہ ظلم بند کریں، نانبائی صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک محنت کرکے اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کماتے ہیں، یقین کریں ان تین سے چار سالوں میں اخراجات میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سےہم مقروض ہو چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ آٹا مہنگا ملے گا تو ہم کہاں سے سستی روٹی لا کر دیں گے،انتظامیہ نے غریب کمزور لوگوں کیساتھ دہشتگروں کی طرح کا رویہ اپنا رکھاہے،سجاد علی عباسی نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے اپنے رویئے پر نظر ثانی نہ کی تو اسلام آبادکے تمام نانبائی اپنے بچوں اور فیملیز سمیت ڈی سی آفس کا گراؤ کریں گے اور خودکشیوں پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری اسلام آباد انتظامیہ پر ہو گی، اس موقع پر بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام انتظامیہ کی طرف سے عدالتی اسٹے کے باوجود تاجروں کی گرفتاریاں اور مقدمات کا اندراج توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ،اگر ضرورت پڑی تو ان کیخلاف توہین عدالت کا کیس دائر کرینگے۔

مزید خبریں