جمعه,  17 جولائی 2026ء
پی ایس او کی مین پائپ لائن سے ڈیزل چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے تعاون سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سیہالہ ڈپو کی مین پائپ لائن سے ڈیزل چوری میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر سیہالہ بھگا کے قریب جمپ اسٹاپ کے نزدیک مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جہاں ملزمان زیرِ زمین بچھائی گئی غیر قانونی سیکنڈری پائپ لائن کے ذریعے پی ایس او-اے آر ایل سیہالہ مین پائپ لائن سے ڈیزل چوری کر رہے تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان گزشتہ پانچ سے چھ ماہ سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھے اور روزانہ تقریباً 20 ہزار لیٹر ڈیزل نکال کر ڈرموں میں منتقل کرتے، جسے بعد ازاں بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔

پی ایس او کے ابتدائی تخمینے کے مطابق اس منظم چوری کے باعث قومی خزانے کو 10 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے۔

کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے غیر قانونی پائپ لائن کے علاوہ دو ہنڈا شہزور پک اپ گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں، جن میں آئل سے بھرے متعدد ڈرم اور ٹینک موجود تھے۔

تین سال میں بیرون ممالک جانے کے خواہشمند 74ہزار474 افراد کو آف لوڈ کیا گیا: ایف آئی اے دستاویز

ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد اور کسی بھی سرکاری اہلکار کے ممکنہ کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔

مزید خبریں