اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستانی نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ “محافظ” اپنی منفرد کہانی، سسپنس اور جذباتی مناظر کے باعث ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔ ڈرامے میں ایکشن، محبت، خاندانی تعلقات اور قربانی کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، جبکہ ہر نئی قسط کے ساتھ کہانی مزید دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔
ڈرامے کی کہانی زوار نامی (جنید خان) ایک ایماندار، نڈر اور فرض شناس سابق پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے، جو بدعنوانی کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہتا ہے، تاہم حالات اسے ملازمت چھوڑنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ دوسری جانب پارس ایک بااثر شخصیت بہزاد کی بیٹی ہے، جو والد کی مصروفیات اور مسلسل خطرات کے باعث محبت اور توجہ سے محروم رہتی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی شخصیت میں سختی اور ضد پیدا ہو جاتی ہے۔
کہانی اس وقت اہم موڑ اختیار کرتی ہے جب زوار ایک حملے کے دوران پارس کی جان بچا لیتا ہے۔ اس واقعے کے بعد بہزاد، زوار کی بہادری اور دیانت داری سے متاثر ہو کر اسے اپنی بیٹی کا محافظ مقرر کر دیتا ہے۔ اگرچہ زوار ابتدا میں یہ ذمہ داری قبول کرنے سے ہچکچاتا ہے، لیکن حالات اسے یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
ابتدائی اقساط میں پارس زوار کو ناپسند کرتی ہے اور اسے اپنی آزادی میں رکاوٹ سمجھتی ہے، تاہم وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان غلط فہمیاں کم ہونے لگتی ہیں۔ زوار کے کردار کی دیانت داری، قربانی اور فرض شناسی پارس کا اعتماد جیت لیتی ہے، جبکہ پارس بھی اس کی شخصیت اور جدوجہد کو سمجھنے لگتی ہے۔
شوبز انڈسٹری مختلف وجوہات پر چھوڑیں، پچھتاوا نہیں، اداکارہ کومل عزیز
ادھر بہزاد کے گرد موجود دشمن، خاندانی سازشیں اور طاقت کی کشمکش کہانی کو مسلسل نئے موڑ دے رہی ہیں۔ حالیہ اقساط میں بہزاد نے زوار کے سامنے چند اہم حقائق آشکار کیے ہیں، جس کے بعد کہانی مزید پیچیدہ ہو گئی ہے اور کئی کرداروں کے اصل مقاصد سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ناظرین کے مطابق ڈرامہ “محافظ” فرض، اعتماد، محبت، خاندانی رشتوں اور قربانی جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کر رہا ہے۔ چونکہ ڈرامہ تاحال نشر ہو رہا ہے، اس لیے اس کا اختتام اور مکمل کہانی ابھی سامنے نہیں آئی، تاہم ہر نئی قسط کے ساتھ تجسس میں اضافہ ہو رہا ہے۔











