جمعه,  17 جولائی 2026ء
ہنری نوواک قتل کیس: ہتھیار چھپانے پر ملزم کی والدہ کو 3 سال قید

ساؤتھمپٹن (روشن پاکستان نیوز): برطانیہ کے شہر ساؤتھمپٹن کی ایک عدالت نے 18 سالہ ہنری نوواک کے قتل کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے قتل کا ہتھیار چھپانے کے جرم میں 53 سالہ کیرن کور کو تین سال قید کی سزا دے دی۔

عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق کیرن کور نے اپنے بیٹے وکرم ڈگوا کی مدد کرتے ہوئے قتل کے بعد جائے وقوعہ سے چاقو ہٹا کر گھر میں چھپا دیا، جس سے پولیس کی تحقیقات متاثر ہوئیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ انہوں نے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

جج نے فیصلے میں کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قانون کا سامنا کرنے کی ترغیب دیں، نہ کہ جرم چھپانے میں ان کی معاونت کریں۔

دوسری جانب وکرم ڈگوا کو گزشتہ سال دسمبر میں 18 سالہ ہنری نوواک کو چاقو کے وار کرکے قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، جس کے تحت اسے کم از کم 21 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔

ہنری نوواک قتل کیس: وکرم ڈگوا نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی

استغاثہ کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد یہ جھوٹا مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقتول نے اس کے خلاف نسل پرستانہ الفاظ استعمال کیے تھے، تاہم تفتیش کے دوران اس دعوے کی تصدیق نہ ہو سکی۔

یہ مقدمہ برطانیہ میں غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا، جبکہ حکام واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

مزید خبریں