اسلام آباد(عرفان حیدر) وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں افنان اسماعیل کو چیئرمین پی ایم وائی پی کی فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ تقرری رانا مشہود احمد خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعے عمل میں آئی، جس کے تحت افنان اسماعیل کو اسلام آباد میں خواتین کے لیے کاروباری روابط کو فروغ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوکل پرسن خواتین انٹرپرینیورز اور مختلف اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی، تاکہ خواتین کی معاشی شمولیت کو بڑھایا جا سکے اور ان کی کاروباری صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سے چیئرمین پاک میڈیا فورم سعودی عرب کی ملاقات
یہ تقرری اعزازی بنیادوں پر کی گئی ہے، جس میں اسٹریٹجک پارٹنرشپس کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت اس پیش رفت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک میں انکلوسیو اور پائیدار ترقی کے عزم کو مزید تقویت دے گی۔
توقع کی جا رہی ہے کہ افنان اسماعیل اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے خواتین کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے اور ان کے نیٹ ورک کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔











