جمعه,  27 فروری 2026ء
غلط فتح مندی اور جعلی فخر ترک کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں: سحر کامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ مختلف سلطنتوں اور سپر پاورز کو شکست دینے کے دعوے حقیقت سے زیادہ گمراہ کن فخر اور غلط فتح مندی کی عکاسی کرتے ہیں، جنہیں دانش مندی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تاریخ گواہ ہے کہ بارہا حملوں، جنگوں اور اقتدار کی تبدیلیوں کے باوجود وہاں ایک ہی تباہ کن دائرہ مسلسل دہرایا جا رہا ہے، جبکہ اصل کامیابی انتہاپسندی اور شدت پسندی کے اس چکر کو توڑنے میں ہے، نہ کہ ماضی کے دعوؤں پر فخر کرنے میں۔

سحر کامران کا کہنا تھا کہ دہشت گردی افغانستان، خطے اور عالمی امن کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ جب تک حقیقت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور شدت پسندانہ سوچ ترک کر کے ترقی اور استحکام کا راستہ اختیار نہیں کیا جائے گا، امن ممکن نہیں ہو سکتا۔

والدِ مرحوم کی ساتویں برسی: سحرکامران کا جذباتی پیغام، ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی اپیل

انہوں نے زور دیا کہ جعلی انا اور بے بنیاد دعوؤں کے بجائے زمینی حقائق کو ماننا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی ہے، تاہم اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

رکن قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب دہشت گردی کے خلاف دوٹوک مؤقف اپنایا جائے اور انتہاپسندی کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں