اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہوں نے ہماری قوم اور مسلح افواج کے عزم کو فولاد کی طرح مضبوط بنایا ہے۔
سحر کامران کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہائیوں تک افغان مہاجرین کو کھلے دل سے پناہ دی، انہیں تعلیم، روزگار اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کیے، مگر بدقسمتی سے طالبان کی جانب سے بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی، جامع حکومت سے انکار، انسانی حقوق کی پامالی اور انتہاپسندانہ رویے عالمی اعتماد کو مجروح کر رہے ہیں۔
والدِ مرحوم کی ساتویں برسی: سحرکامران کا جذباتی پیغام، ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی اپیل
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر اسے اشتعال دلایا گیا تو ملک کے دفاع میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ پاکستان کی خودمختاری ناقابلِ سودے بازی ہے اور وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
رکن قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کی سازشوں، دہشت گردی اور ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے، اور قوم و افواجِ پاکستان کو مزید استقامت عطا فرمائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔











