منگل,  24 فروری 2026ء
جوان افراد میں کینسر کی 6 اقسام تیزی سے پھیل رہی ہیں، تحقیق میں حیران کن انکشافات سامنے آگئے

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) جوان افراد میں کینسر کی 6 اقسام تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کم از کم 5 ممالک میں کینسر کی 6 اقسام کے کیسز معمر افراد کی بجائے جوان افراد میں زیادہ تیزی سے سامنے آرہے ہیں۔

اس تحقیق میں 2 بڑے کینسر ڈیٹا بیسز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تاکہ معلوم ہوسکے کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کیسز کی تعداد میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔

صحت مند زندگی کیلئے رات کا کھانا کب کھانا چاہیے؟ ماہرین نے واضح کر دیا

تحقیق میں دریافت ہوا کہ اب بھی کسی حد تک کینسر کی تشخیص جوان اور درمیانی عمر کے افراد میں کم ہوتی ہے مگر متعدد اقسام ایسی ہیں جن کا پھیلاؤ بہت تیزی سے ہو رہا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 2000 سے 2017 کے دوران کم از کم 10 ممالک میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کی 13 اقسام کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

ان میں سے 6 اقسام آنتوں، لبلبے، مثانے، گردوں، خون اور سرویکل کینسر کے کیسز 5 ممالک میں معمر افراد کے مقابلے میں جوان افراد میں زیادہ تیزی سے سامنے آرہے ہیں۔

درحقیقت آنتوں کا کینسر زیادہ تیزی سے عام ہورہا ہے اور دنیا بھر میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے مجموعی 10 فیصد کیسز اسی قسم سے جڑے تھے۔

محققین کے خیال میں 2030 تک 20 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں آنتوں کے کینسر کی شرح میں 90 فیصد جبکہ 35 سے 49 سال کی عمر کے افراد میں 46 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر نتائج سے عالمی سطح پر کینسر کے پھیلاؤ کی شرح میں تشویشناک اضافے کا عندیہ ملتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جوان افراد میں کینسر کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ موٹاپا ہے جبکہ مغربی غذاؤں اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری سے بھی کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ملٹری میڈیکل ریسرچ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں