سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولؐ پیش کی گئی۔
آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی سے حلف لیا، حلف اٹھانے والوں میں سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر شامل تھے۔ اسمبلی ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔اٹھ کر اراکین سندھ اسمبلی نے اردو، انگریزی اور سندھ میں حلف اٹھایا۔
سندھ اسمبلی کے 168 ارکان میں سے 114 ارکان کا تعلق پیپلز پارٹی جبکہ 36 ارکان کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔
آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے 9 ارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے جب کہ جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے ارکان آج کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے جب کہ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔