ریاض (روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی فکر، فلسفے اور شاعری کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں پارٹی عہدیداروں، کارکنوں، نامور شعراء، ادیبوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے زیرِاہتمام منعقدہ ادبی نشست میں علامہ اقبال کے افکار، فلسفہ خودی، نوجوان نسل کی فکری تربیت اور امت مسلمہ کی بیداری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب میں شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال ہر عہد کے شاعر ہیں، جن کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل فکری تحریک اور زندگی گزارنے کا شعور فراہم کرتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے انسان کو خود شناسی، خود اعتمادی، بلند حوصلگی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا ان کا فلسفہ انسان کو مایوسی سے نکال کر امید، عمل اور روشن مستقبل کی جانب راغب کرتا ہے۔
مہمانِ خصوصی پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے سیکرٹری جنرل محمد خالد رانا کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری اور الگ تشخص کا شعور بیدار کیا۔ ان کا پیغام آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا تحریک پاکستان کے دور میں تھا۔ نئی نسل کو اقبال کے کلام اور ان کے فلسفہ خودی سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے
مہمانانِ اعزازی معروف شعراء طیب رضا کاظمی اور وقار نسیم وامق سمیت پیپلز پارٹی کے عہدیداروں فرح احسن، سردار نصیر، مشتاق بلوچ ,صداقت حسین اور کامران اشرف نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری انسان کو اپنی ذات پہچاننے، اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے اور بلند مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے کا درس دیتی ہے۔ اقبال کا تصور خودی دراصل انسان کی فکری، اخلاقی اور روحانیت کا پیغام ہے، جبکہ ان کی شاعری نوجوانوں میں خود اعتمادی، جرات اور عمل کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔











