واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کی ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکرز نے شناخت کی چوری اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جعلی ویڈیو کالز پر مشتمل ایک ’انتہائی موثر سوشل انجینئرنگ اسکیم‘ کا استعمال کرتے ہوئے 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم چرالی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ایف بی آئی نے شمالی کوریا سے وابستہ ہیکرز پر کریپٹو کرنسی پلیٹ فارم ‘بائنانس’ سے 6 ارب ڈالر چرانے کا الزام بھی عائد کیا تھا، تاہم شمالی کوریا نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایف بی آئی کے سائبر برانچ آپریشنز کے ڈائریکٹر بریٹ لیدر مین نے کہا ہے کہ ’شمالی کوریا کی حکومت اپنے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگرام کی فنڈنگ کے لیے بڑے پیمانے پر کریپٹو کرنسی کی چوری سے حاصل ہونے والی رقم پر انحصار کرتی ہے اور اس نے حالیہ برسوں میں اربوں ڈالر چرائے ہیں‘۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ بائنانس ہیک کے علاوہ شمالی کوریا کے ہیکرز نے ’دھوکہ دہی پر مبنی سوشل انجینئرنگ ہتھکنڈوں کے ذریعے کرپٹو کرنسی اور ویب 3 سیکٹرز کے افراد کو نشانہ بنایا ہے‘۔
ایف بی آئی نے اس اسکیم کو ’فیس اسٹیلر‘ کا نام دیا ہے جس کے ذریعے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی چوری کی جا چکی ہے۔
اس اسکیم کے تحت ‘فیس اسٹیلر’ ہیکرز متاثرہ شخص کے کسی جاننے والے کا روپ دھار کر انہیں ویڈیو میٹنگ پر آمادہ کرتے ہیں اور اعتماد حاصل کرنے کے لیے اے آئی کی مدد سے تیار کردہ ‘ڈیپ فیک’ ویڈیو کا استعمال کرتے ہیں۔
ایران پر دوبارہ حملوں کا امکان کم ہے، جنگ کے خاتمےکیلئے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے: ٹرمپ
اس کے بعد ہیکرز ایک ’جعلی تکنیکی خرابی‘ پیدا کرتے ہیں جسے دور کرنے کے بہانے متاثرہ شخص کو کسی لنک پر کلک کرنے کو کہا جاتا ہے،جس سے ان کے سسٹم میں میلویئر انسٹال ہو جاتا ہے۔ متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ لسٹ، سوشل میڈیا اور کمیونیکیشن ایپس تک رسائی حاصل کرکے ہیکرز ان کا روپ دھار کر اگلے ہدف کو اپنے جال میں پھنسا سکتے ہیں۔
ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرانڈی نے کہا کہ ‘فیس اسٹیلر ایک انتہائی مؤثر سوشل انجینئرنگ اسکیم ہے جو انتہائی تجربہ کار، تکنیکی طور پر ماہر اور سکیورٹی کے حوالے سے محتاط کمپیوٹر صارف کو بھی دھوکہ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے‘۔
ایف بی آئی نے بتایا کہ اس نے فیس اسٹیلر کا شکار ہونے والے افراد کی 900 سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی قبضے میں لی ہیں۔











