هفته,  14 نومبر 2026ء
اے آئی کا قبضہ یا فنی خرابی: امریکا میں فضائی آپریشن مکمل بند ہونے کی وجہ کیا تھی؟

واشنگنٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث ملک بھر میں عائد کی گئی پروازوں کی معطلی جمعے کی شب ختم کر دی ہے، تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آپریشن کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔

امریکی تاریخ میں 11 ستمبر 2001 (نائن الیون) کے حملوں کے بعد ملکی سطح پر پروازوں کی یہ طویل ترین معطلی تھی، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فضائی حدود کو مشرقی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ کھول دیا گیا ہے، تاہم پروازوں کی روانگی کا عمل سست روی کا شکار رہے گا۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق اس چار گھنٹے طویل تعطل کے باعث 6 ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8 ہزار 600 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ اتوار کے لیے بھی مزید 1500 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تعطل کے اثرات آئندہ کئی دنوں تک ایئرلائنز کے شیڈول کو متاثر کرتے رہیں گے۔

وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق اس بحران کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر دسیوں ہزار مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر غور کے لیے انہوں نے اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے اوول آفس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کی ہے۔

شان ڈفی نے وضاحت کی کہ خرابی کا آغاز سہ پہر 3 بج کر 36 منٹ پر ہوا جب ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے ریڈار اور مواصلاتی نظام میں عدم استحکام پیدا ہوا۔

ان کے بقول سسٹم کے سوئچز اور راؤٹرز پر ڈیٹا کا بوجھ حد سے زیادہ بڑھ گیا تھا جس سے غلط معلومات موصول ہونے لگیں اور اسی لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر نظام کو بند کرنا پڑا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مرحلے پر ریڈار یا مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا اور ہزاروں طیاروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

اس واقعے نے امریکا کے فرسودہ ایئر ٹریفک کنٹرول نظام اور عملے کی کمی جیسے دیرینہ مسائل کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

شان ڈفی نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جدید نظام کے لیے فنڈز فراہم نہ کرنے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی، اور انہوں نے فضائی نظام کی مکمل جدید کاری کے لیے 50 ارب ڈالر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

امریکہ ایران سے آخر کیا چاہتا ہے؟ مارکو روبیو نے واضح کر دیا

قبل ازیں جمعہ کے روز ہی وائٹ ہاؤس اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے کانگریس سے ہوائی اڈوں اور ایئر ٹریفک انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 30.1 ارب ڈالر کی منظوری دینے کی اپیل کی تھی۔

دوسری جانب ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے کہا ہے کہ اب تک اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ یہ تعطل کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے کسی بے قابو نظام کا نتیجہ تھا، تاہم تفتیش کاروں نے کسی بھی امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ ایک تکنیکی اور مکینیکل خرابی معلوم ہوتی ہے، جس کی تحقیقات نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی مل کر کر رہے ہیں۔

دو ایئرلائن حکام کے مطابق یہ خرابی ایل تھری ہیرس ٹیکنالوجیز کے زیر انتظام ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک میں پیش آئی جو پائلٹس اور کنٹرولرز کے درمیان اہم ریڈیو فریکوئنسی رابطوں کو سنبھالتا ہے، تاہم کمپنی نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اگرچہ پروازوں پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے لیکن بوسٹن سے سیئٹل اور نیویارک سے لاس اینجلس تک ہوائی اڈوں پر مسافروں کی مشکلات تاحال برقرار ہیں۔

پنسلوانیا کے رہائشی 50 سالہ ایڈورڈ کارگبو، جنہیں ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ٹوگو جانا تھا، نے بتایا کہ پرواز منسوخ ہونے کے باعث انہیں رات ہوائی اڈے پر ہی گزارنی پڑے گی۔

اسی طرح نیوارک ہوائی اڈے پر لندن جانے والی برٹش ایئرویز کی مسافر 47 سالہ لوئس ماہر نے بھی شدید ذہنی دباؤ کا اظہار کیا۔

حکام کے مطابق امریکی ایئرلائنز متاثرہ مسافروں کو معاوضہ ادا کرنے کی پابند نہیں ہوں گی کیونکہ یہ خرابی ایئرلائنز کے بجائے سرکاری ایوی ایشن سسٹم میں پیش آئی تھی۔

واضح رہے کہ نائن الیون کے بعد اس سے قبل صرف جنوری 2023 میں ڈیڑھ گھنٹے کے لیے ملک بھر میں پروازیں معطل کی گئی تھیں۔

اس فضائی بحران کے اثرات مالیاتی منڈیوں پر بھی دیکھے گئے جہاں کاروباری اوقات کے بعد امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز کے حصص میں 1 سے 2 فیصد تک کمی واقع ہوئی، جبکہ جیٹ بلیو ایئرویز کے حصص تقریباً 3 فیصد گر گئے۔

امریکن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ وہ طیاروں اور عملے کی تیز رفتار بحالی کے لیے بڑے مراکز کے علاوہ چھوٹے شہروں اور بین الاقوامی منزلوں کی پروازوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ نظام جلد از جلد معمول پر آ سکے۔

مزید خبریں