اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہےکہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔
شمالی عراق کی اہم گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، پیداوار معطل ہونے سے بجلی کا شدید بحران
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے، ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جب کہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں، ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔
دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معدنیات کے شعبے میں ترقی کیلیے رابطہ سڑکوں کی بہتری کو ناگزیر قرار دے دیا۔
پاکستان منرلز فورم سے خطاب میں کہا کہ معدنی وسائل تک آسان رسائی کیلیے روڈ نیٹ ورک کو مضبوط کیاجارہاہے، چاغی اور گوادر کے درمیان انفراسٹرکچر کی تعمیرجاری ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے معدنی شعبے میں ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے جبکہ گلگت بلتستان میں لیتھیم سمیت دیگر اہم دھاتوں کے ذخائر کی تلاش جاری ہے ۔











