بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کر دیں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے مایوس کیا۔ لیکن اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 300 مقدمات درج ہوئے۔ اور جیل جانے سے پہلے وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے۔ اب 5 دن کے اندر بانی پی ٹی آئی کو 3 سزائیں ہوئیں جس میں 45 سال کی سزا سنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں۔ انہیں کتابیں تک نہیں دینے دے رہے۔ اور قانون کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں نہیں کرنے دیتے۔ بانی پی ٹی آئی کو بڑے بڑے مائنس کرنا چاہتے تھے مگر وہ نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس نہیں ہوا۔ اور بجٹ پاس ہونے میں ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں۔ تاہم یہ بانی پی ٹی آئی کی اسمبلی ہے اور ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہی ہو گا۔ بانی پی ٹی آئی جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے۔ اور اگر اسمبلی تحلیل کا کہیں گے تو کر دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ووٹ ہمارا نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ اور اگر بانی پی ٹی آئی نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے۔

مزید خبریں