اسلام آباد: ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے اگیگا وفد کی ملاقات، تنخواہوں و پینشن میں اضافے کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)– وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی ذاتی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفد نے ملاقات کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کی جائے اور پینشن میں 10 فیصد اضافہ کر کے اسے تنخواہوں کے مساوی لایا جائے۔ وفد نے صوبائی حکومتوں کے پیش کردہ بجٹ پر ملازمین میں پائے جانے والے غم و غصے اور بے چینی سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

مزید برآں، پنجاب حکومت کی جانب سے لیو انکیشمنٹ کی بحالی کے وعدوں پر بھی بات کی گئی اور زور دیا گیا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رانا ثناءاللہ سے ملاقات کے لیے فوری وقت لیں تاکہ پنجاب حکومت کو واضح ہدایات جاری کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رول 17 اے، ریگولرائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور پنشن اصلاحات کے حوالے سے قائم کمیٹی کی سفارشات کو جلد مرتب کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اگیگا کے وفد میں چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ، اگیگا پاکستان کے صدر راجہ طاہر محمود، عاشق خان (لیبر یونٹی آف آئیسکو)، انجم شہزاد گجر (پاکستان سپورٹس بورڈ یونین)، ڈاکٹر مظہر (فیداپا)، چوہدری ابرار (واپڈا پیغام یونین)، عامر خان (سی ڈی اے ایمپلائیز پاشا گروپ)، پرویز اختر (پوسٹ آفس)، شفقت رسول (فیڈرل ایجوکیشن) اور علاؤالدین (چیئرمین اگیگا گلگت بلتستان) سمیت دیگر قائدین شامل تھے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفد کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ لیو انکیشمنٹ اور 30 فیصد ڈسپیرٹی کے مسائل اٹھائے جائیں گے، اور اگیگا کے وفد نے رانا ثناء اللہ سے میٹنگ کے لیے وقت بھی مانگ لیا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: صدر زرداری سے ملاقات میں رکاوٹ پر پیپلز پارٹی کارکنان کا احتجاج، انکوائری کا مطالبہ

بعد ازاں، چیف کوآرڈینیٹر اگیگا رحمان علی باجوہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں 19 جون کو احتجاج جبکہ 23 جون کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے فیصلہ کن دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے پنجاب کے ملازمین کو بتایا کہ اگیگا پنجاب کی تمام تنظیموں کا اجلاس 18 جون کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ملازمین کو اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنے اور اپنے آئینی حقوق کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔ رحمان باجوہ نے کہا کہ وفاقی ملازمین اپنے صوبائی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مزید خبریں