هفته,  23 نومبر 2024ء
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،تین دہشت گردہلاک

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے تین خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوجی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں بتایا کہ خیبر ضلع کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد حق یار آفریدی عرف خیبرے اور گلا جان مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دوسرے واقعے میں، سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد پر دراندازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کو توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور افغانستان کی سرزمین خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے گی۔

مزید کہنا تھا کہ پاکستان تسلسل کے ساتھ افغان عبوری حکومت سے یہ مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ اپنی سرحد کی طرف سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے۔

مزید خبریں