جمعرات,  11 جون 2026ء
قومی اسمبلی میں اقبال آفریدی کی رکنیت معطل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ہدایت پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی رکنیت موجودہ سیشن کے لیے معطل کر دی گئی، جبکہ انہیں فوری طور پر ایوان سے باہر جانے کا حکم بھی دیا گیا۔

اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کے دوران ایوان کو آگاہ کیا کہ اقبال آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک پر تعینات سیکیورٹی اہلکار کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور بدتمیزی کی، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانےکا فیصلہ

واقعے کے بعد اسپیکر کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی گئی، جسے اراکین نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔ تحریک کی منظوری کے بعد اقبال آفریدی کی موجودہ اجلاس کے دوران اسمبلی کارروائی میں شرکت معطل کر دی گئی اور ان کے پارلیمنٹ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

اسپیکر ایاز صادق نے سخت لہجے میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی عزت ہر رکن پر لازم ہے اور ایسے رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے معطل رکن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ فوری طور پر ایوان سے باہر چلے جائیں، بصورتِ دیگر انہیں زبردستی باہر نکالنا پڑ سکتا ہے۔

اسپیکر کی ہدایت اور ایوان کے فیصلے کے بعد اقبال آفریدی خاموشی سے اسمبلی ہال سے باہر چلے گئے اور مزید کسی مزاحمت کا مظاہرہ نہیں کیا۔

مزید خبریں