لندن (روشن پاکستان نیوز) برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے 14 جون 2026 کو لندن میں “لانگ مارچ فار جسٹس، رائٹس اینڈ سالیڈیرٹی” کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ پرامن مارچ پارلیمنٹ اسکوائر سے شروع ہو کر ڈاؤننگ اسٹریٹ سے گزرتا ہوا ٹریفلگر اسکوائر پر اختتام پذیر ہوگا۔ مارچ کا مقصد آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق، وقار، آزادیِ اظہار اور جمہوری خواہشات کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہے۔
مارچ کے منتظمین نے اپنے بیان میں آزاد کشمیر میں جاری پابندیوں، کرفیو نما حالات اور نیم فوجی دستوں کی بھاری تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کو درپیش مسائل پر عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور پالیسی سازوں کو فوری توجہ دینی چاہیے۔
آزاد کشمیر انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر اسلام آباد پولیس کا اہلکار برطرف
انہوں نے کہا کہ یہ مارچ انصاف، انسانی حقوق، آزادی اور پائیدار امن کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کو ایک ایسا مستقبل مل سکے جہاں وہ امن، تحفظ اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
منتظمین نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور انسانی حقوق کے حامی افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پرامن مارچ میں شرکت کر کے انصاف اور انسانی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
یہ مارچ اتوار 14 جون 2026 کو دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، جبکہ شرکاء “اسٹینڈ ود آزاد کشمیر”، “جسٹس فار کشمیر” اور “ہیومن رائٹس” کے نعروں کے ساتھ اپنے مطالبات دنیا کے سامنے رکھیں گے











