اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پیمرا کی جانب سے میٹرو ون نیوز کی نشریات بند کیے جانے کے بعد چینل کا آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں سو سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر آصف بشیر چودھری، جنرل سیکریٹری راجہ بشیر عثمانی اور فنانس سیکریٹری اظہار خان نیازی سمیت منتخب قیادت نے چینل کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے سنگین اثرات صحافی برادری اور ان کے خاندانوں پر مرتب ہوں گے۔
آر آئی یو جے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کراچی ہیڈ آفس میں کام کرنے والے 100 سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں خدمات انجام دینے والے درجنوں کارکنان بھی اس صورتحال سے متاثر ہوں گے۔ یونین نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ملازمین بے روزگار ہوتے ہیں تو اس کی ذمہ داری پیمرا پر عائد ہوگی۔
یونین نے متعلقہ انتظامیہ پر زور دیا کہ قانون اور ضابطوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ آر آئی یو جے نے مطالبہ کیا کہ میٹرو ون نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں تاکہ متاثرہ ملازمین کا روزگار محفوظ بنایا جا سکے۔
ہر میت سنگھ کے خلاف مقدمہ اور وارنٹ گرفتاری، نیشنل پریس کلب کی شدید مذمت
بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے میٹرو ون نیوز کی فوری بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں۔











