لندن (روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایک کمسن بچی اس وقت معجزانہ طور پر محفوظ رہی جب وہ ایک عمارت کی کھڑکی کے بیرونی کنارے سے لٹکنے کے بعد نیچے گر گئی، تاہم ایک پولیس افسر اور مقامی ریسٹورنٹ منیجر نے بروقت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے زمین پر گرنے سے پہلے ہی پکڑ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی لندن کے علاقے ایلفورڈ ہائی روڈ پر پیش آیا، جہاں راہگیروں نے ایک بچی کو ایک دکان کے اوپر واقع فلیٹ کی کھڑکی کے کنارے پر خطرناک حالت میں لٹکتے دیکھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد افراد بچی کی مدد کے لیے جمع ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی کئی منٹ تک کھڑکی کے کنارے سے لٹکی رہی۔ اسی دوران ایک پولیس افسر اور قریبی ریسٹورنٹ کے منیجر نے عمارت کے نیچے کھڑے ہو کر بچی کو بچانے کی تیاری کی۔ جیسے ہی بچی کا ہاتھ پھسلا اور وہ نیچے گری، دونوں افراد نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسے بحفاظت پکڑ لیا۔
ہینری نوواک کیس کے بعد برطانیہ میں کرپان اور چاقو قوانین پر نئی بحث چھڑ گئی
عینی شاہدین کے مطابق بچی کو اس واقعے میں کوئی چوٹ نہیں آئی، جبکہ موقع پر موجود افراد نے دونوں افراد کی حاضر دماغی اور جرات کو سراہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے اور چند ہی لمحوں میں ایک ممکنہ سانحے کو ٹال دیا گیا۔
بچی کو بچانے والے ریسٹورنٹ منیجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف انسانی ہمدردی کے تحت اپنا فرض ادا کیا۔ سوشل میڈیا صارفین بھی پولیس افسر اور ریسٹورنٹ منیجر کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔











