راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دفاعی صنعتی کمپلیکس واہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کردہ ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاعی صنعتی کمپلیکس پی او ایف واہ کا دورہ کیا، دورے میں پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کا جائزہ لیا۔
فیلڈ مارشل کوپی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملکی دفاع مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر بریفنگ دی گئی، انہں مقامی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی ساز و سامان کی تیاری، ترقی سے متعلق امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیےگئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔
فیلڈ مارشل کو پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور مقامی تیاری اور اپ گریڈیشن کی کوششوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دو نئے صنعتی پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے دورے میں پاک فوج کی جانب سے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











