لاہور(روشن پاکستان نیوز) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں آن لائن بائیک رائیڈر کی مبینہ نازیبا حرکت سے بچنے کے لیے خاتون نے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔
پولیس تھانے میں درج رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 17 اکتوبر کو پیش آیا، متاثرہ خاتون نے ایف 2 جوہر ٹاؤن سے آن لائن بائیک رائیڈ بک کرائی تھی، دورانِ سفر رائیڈر کی جانب سے مبینہ ہراسانی اور نازیبا حرکت کی کوشش پر خاتون نے بچاؤ کے لیے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی۔
واقعے کی سامنے آنے والی فوٹیج میں خاتون کو چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ موٹر سائیکل سے چھلانگ لگانے کے باعث خاتون کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے۔
برطانوی پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے کھانا قبول کرنے پر سوالات، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی
واقعے کے بعد رائیڈر موقع سے فرار ہو گیا۔ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں نعیم نامی رائیڈر کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ متاثرہ خاتون اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق رائیڈر نعیم پر الزام ہے کہ اس نے دورانِ سفر خاتون کو ہراساں کیا اور نازیبا حرکات کے لیے دباؤ ڈالا۔ خاتون نے جی فور کے علاقے میں چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگائی، جس سے اس کے منہ، ناک، گلے اور سر پر چوٹیں آئیں۔











