لاہور(روشن پاکستان نیوز) سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
پاکستانی ٹیم آج خواتین میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے حوالے سے گلابی رنگ کی کِٹ پہن کر میدان میں اتری ۔
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 47 ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جس کے جواب میں پاکستان نے 48 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا ہدف پورا کرلیا۔
پاکستان، سری لنکا ون ڈے میچ: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فول پروف سکیورٹی انتظامات
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش کھلاڑی ٹام بینٹن کو 4 رنز پر پویلین بھیج دیا، بعدازاں شاہین شاہ آفریدی نے ہی تیسرے اوور میں جو روٹ کو بھی 5 رنز پر کیچ آؤٹ کیا جبکہ پانچویں اوور کے دوران ہیری بروک بھی رن آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ ٹیم کی چوتھی وکٹ بولر حارث رؤف نے حاصل کی اور 52 رنز پر انگلش ٹیم کے 4 کھلاڑی پویلین واپس چلے گئے۔ 52 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلش اوپنر بین ڈکٹ نے بھرپور مزاہمت کی اور 105 رنز کی اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ سیم کرن 42 اور گس آکنٹسن 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ان کے علاوہ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی وکٹیں بھی پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سعد بیگ نے 32 اور سلمان آغا نے 26 رنز بنائے، حسن نواز 15 رنز بناسکے۔
اس موقع پر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے بازی پلٹ دی اور ون ڈے کریئر کی پہلی سنچری بنا کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلوادی۔ اس موقع پر حارث رؤف نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور وکٹ کو سنبھالے رکھا۔ آخری وکٹ کی شراکت میں شاداب اور حارث نے 89 رنز بنائے۔
97 رنز کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں وہ ناٹ آؤٹ قرار دیےگئے۔
48 ویں اوور میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ حارث روؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔











