اتوار,  25 اکتوبر 2026ء
حافظ آباد: 22 بے زمین افراد میں 35 ایکڑ زرعی اراضی مفت تقسیم، آبادکاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے چیک جاری

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)کوارڈینیٹر وزیراعلی پنجاب و ایم این اے سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سید حسین بہادر کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے اپنا کھیت،اپنا روزگار پروگرام کے تحت بے زمین و بے روزگار افراد کو مفت زمین کی الاٹمنٹ اور ترقیاتی کاموں کے لیے لاکھوں روپے کی فراہمی خوشحال اورترقی یافتہ پنجاب کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویژن کے شفاف قرعہ اندازی اور میرٹ پر زرعی اراضی الاٹ کی گئی۔اپنا کھیت،اپنا روگار پروگرام سے بے زمین افراد کو مفت زمین کی فراہمی سے جہاں بیروزگار افراد کو باعزت روزگار کا موقع ملے گا تو وہیں صوبہ بھر میں شعبہ زراعت کی ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قرعہ اندازی کے زریعے مفت زمین حاصل کرنے والے افراد میں ترقیاتی کاموں اور زمین کو قابل استعمال بنانے کے لیے چیک تقسیم کرنے کے موقعہ پر کیا۔چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں میاں حیدر علی بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف محکمہ زراعت کے افسران ودیگر شریک تھے۔ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کے لیے گرین ٹریکٹر اسکیم،کسان کارڈ،لائیوسٹاک کارڈپروگرام کا اجراء،جدید زرعی مشینری پر لاکھوں روپے کی سبسڈی ملکی ترقی کے انقلابی اقدامات ہیں۔ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر کا کہنا تھا کہ انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت حافظ آباد کے 22بے زمین افراد میں 35ایکٹر زرعی اراضی مفت تقسیم کی گئی اور حکومت پنجاب کی جانب سے زمین کو آباد کرنے کے لیے فی ایکٹر 50ہزار روپے بھی دیئے گئے ہیں۔اس موقعہ پر مفت زمین اور اسکی آباد کاری کے لیے فنڈز حاصل کرنے والے افراد نے اپنا کھیت،اپنا روزگار پروگرام شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت وہ باعزت روزگار کما سکیں گے۔

مزید خبریں