ریاض (وقار نسیم وامق) حرمین شریفین کے انتظامی و مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو مسلسل نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات، شہریوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شرعی طور پر حرام اور انسانی اقدار کے منافی جرم ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو بار بار نشانہ بنانے کی کوششیں مسلمانوں کے مقدسات کی حرمت کو پامال کرنے کے مترادف ہیں، جو اسلامی تعلیمات اور بین الاقوامی اصولوں کے بھی خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے سعودی عرب کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا بلکہ مقدس مقامات کی حفاظت اور حرمین شریفین میں آنے والے زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حرمین شریفین کے تحفظ اور مسلمانوں کے مقدسات کی حفاظت کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی سکیورٹی ایک ریڈ لائن ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی خدمت، مقدس مقامات کے تحفظ اور زائرین کی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گا۔











