هفته,  05  ستمبر 2026ء
یومِ دفاع: سید منظور احمد شاہ کا 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز): چیئرمین اتحاد اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر سید منظور احمد شاہ نے یومِ دفاع کے موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اپنے پیغام میں سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ ستمبر 1965ء کی جنگ پاکستان کی تاریخ میں شجاعت، قومی اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دشمن کے سامنے ڈٹ کر وطن کا دفاع کیا اور اپنی بہادری کی لازوال مثالیں قائم کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے جوانوں نے مختلف محاذوں پر پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چھمب، جوڑیاں، رن آف کچھ، لاہور فرنٹ، سیالکوٹ، چونڈہ اور کھیم کرن سمیت اہم محاذوں پر پاکستانی افواج کی مزاحمت اور جوابی کارروائیوں کا ذکر کیا۔

پاکستانی و سری لنکن حکام کی مشترکہ کارروائی، 671 کلو گرام آئس ضبط، افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب

سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ چونڈہ کا محاذ دوسری جنگِ عظیم کے بعد ٹینکوں کی بڑی جنگوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں پاکستانی بکتر بند اور اینٹی ٹینک دستوں نے دشمن کے حملے کا بھرپور مقابلہ کیا۔

انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے پائلٹوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا ایئربیس سمیت مختلف محاذوں پر فضائیہ کے جوانوں نے جرات اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔

چیئرمین اتحاد اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کی قربانیاں وطن کی امن، سلامتی اور خودمختاری کے لیے دیں۔ ان قربانیوں سے یہ سبق ملتا ہے کہ قومی دفاع صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور وطن سے وفاداری سے مضبوط ہوتا ہے۔

انہوں نے شہداء کو سلام اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

مزید خبریں