اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات اور پاکستان کے ممکنہ کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس پورے عمل میں ایک اہم اور تعمیری سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
سحر کامران نے عرب میڈیا چینل AlGhad TV کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ ذکر ہیں اور اسلام آباد کی شمولیت نے مذاکراتی عمل کو ایک نئی رفتار دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری بات چیت میں اگرچہ کئی چیلنجز موجود ہیں، تاہم پیش رفت کے واضح امکانات بھی نظر آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اصل چیلنج یہ ہے کہ ایسے عناصر اور قوتیں جو نہیں چاہتیں کہ خطے میں امن قائم ہو، وہ اس عمل کو سبوتاژ کر سکتی ہیں۔
سحر کامران نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور موجودہ سفارتی کوششیں بھی اسی تسلسل کا حصہ ہیں۔
اسلام آباد: آبنائے ہرمز کشیدگی، پاکستان کی ثالثی امن کی نئی امید قرار: سحرکامران
ادھر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے، جبکہ علاقائی ممالک اس عمل کو آگے بڑھانے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سیاست پر بھی نمایاں ہوں گے۔











