اسلام آباد(عرفان حیدر) این اے 47 سے سابق امیدوار اور ڈیموکریٹس گروپ کے صدر سید ندیم منصور نے وی آئی پی موومنٹ کے باعث شہر میں ٹریفک کی بندش اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی شخصیات کی آمد و رفت کے دوران سڑکوں کی بندش سے طویل ٹریفک جام پیدا ہو جاتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کا قیمتی وقت اور لاکھوں روپے کا ایندھن ضائع ہوتا ہے، اور اس کے منفی اثرات معیشت پر بھی پڑتے ہیں۔
سید ندیم منصور نے تجویز دی کہ حکومت کو چاہیے کہ وی آئی پی موومنٹ کے لیے ہیلی کاپٹر یا میٹرو روٹس استعمال کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کے لیے سڑکیں کھلی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے کفایت شعاری منصوبے کے تحت بھی ایسے اقدامات ضروری ہیں۔
سید ندیم منصور کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے نوبل انعام کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہا کہ چند مہمانوں یا شخصیات کی سکیورٹی کے لیے پورے شہر کی سرگرمیاں معطل کر دینا مناسب نہیں، کیونکہ اس سے کاروبار، تعلیمی ادارے، اسپتال اور ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوتا ہے۔
سید ندیم منصور نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک بندش کے باعث ٹرانسپورٹرز، دکانداروں اور شہریوں پر عائد جرمانے معاف کیے جائیں اور آسانیاں پیدا کی جائیں۔
انہوں نے اسلام آباد کے تجارتی مراکز جیسے بلیو ایریا، جی-9 اور آبپارہ میں دکانوں کی سیلنگ اور جرمانوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے اور چیمبر آف کامرس اس حوالے سے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔











