پشاور(روشن پاکستان نیوز) بیوہ پنشنرز کے لیے ویلفیئر فنڈ گرانٹ الگ سے حاصل کرنے کی شرط ختم کر دی گئی، اب گرانٹ ان کی ماہانہ پنشن کے ساتھ ہی ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے بیوہ پنشنرز اور معذور و مستحق بچوں کی سہولت کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف ویلفیئر فنڈ گرانٹ کو ماہانہ ادائیگیوں میں ضم کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا ، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پیسکو ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بیوہ پنشنرز کے لیے ویلفیئر فنڈ گرانٹ الگ سے حاصل کرنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور اب یہ گرانٹ ان کی ماہانہ پنشن کے ساتھ ہی ادا کی جائے گی۔
اسی طرح معذور اور مستحق بچوں کی ویلفیئر گرانٹ بھی ان کے سرپرست کی ماہانہ تنخواہ کے ساتھ منتقل کر دی جائے گی، جس کے بعد سرپرستوں کو گرانٹ کے لیے الگ سے بل جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پشاور سے جانیوالے عمرہ زائرین کیلئے بھی ویکسینیشن کے بغیر سفری پابندی عائد
پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ویلفیئر فنڈ گرانٹ کی ادائیگی میں تاخیر اور غیر ضروری دفتری کارروائیوں کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ مستحقین کو بلا تاخیر امداد مل سکے۔
نوٹیفکیشن میں بیوہ پنشنرز اور معذور بچوں کے کیسز بروقت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں مختلف ڈویژنز سے پنشن اور فنڈ جاری ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کارروائی مکمل کر کے پنشن اور گرانٹ کی ادائیگی ایک ہی ڈویژن سے یقینی بنائیں۔
پیسکو انتظامیہ نے تمام متعلقہ افسران کو ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔











