سلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 5 مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 42.282 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے قبضے سے 320 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے بیگ سے 6.762 کلوگرام وزنی 48,298 زینیکس گولیاں برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار
فیصل آباد میں چک نمبر 222 کے قریب ایک گھر پر کارروائی کے دوران 28.8 کلوگرام چرس، 2.4 کلوگرام افیون اور 10,075 روپے نقدی برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملتان میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر I-9 میں واقع کورئیر آفس میں ایک پارسل کی تلاشی کے دوران انورٹر کے اندر چھپائی گئی 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔











