جمعه,  07  اگست 2026ء
 انتظامی نظام کو مؤثرکے لیے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، شیخ مختار احمد اعوان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)چیئرمین پاسبانِ وطن پاکستان شیخ مختار احمد اعوان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی نظام کو مؤثر، عوام دوست اور مضبوط بنانے کے لیے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،یہ کسی صوبے کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا معاملہ ہے،بڑے صوبے کا انتظام ایک ہی وزیراعلیٰ کے لیے مؤثر انداز میں چلانا انتہائی مشکل ہے، جس کے باعث عوام کو تعلیم، صحت، انصاف، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات یکساں طور پر فراہم نہیں ہو پاتیں، اگر واقعی نظام تباہ ہو چکا ہے تو اس کے ذمہ دار عناصر کی بھی نشاندہی کی جانی چاہیے تاکہ اصلاحات مؤثر انداز میں نافذ کی جا سکیں،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ مختار احمد اعوان نے مزیدکہا کہ پارلیمنٹ فوری طور پر نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی اور عملی اقدامات کا آغاز کرے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے اور تمام علاقوں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی آبادی تقریباً ساڑھے تیرہ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جو دنیا کے کئی خودمختار ممالک کی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔ ان کے بقول اتنے بڑے صوبے کا انتظام ایک ہی وزیراعلیٰ کے لیے مؤثر انداز میں چلانا انتہائی مشکل ہے، جس کے باعث عوام کو تعلیم، صحت، انصاف، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات یکساں طور پر فراہم نہیں ہو پاتیں۔شیخ مختار احمد اعوان نے کہا کہ دنیا بھر میں چھوٹے انتظامی یونٹس اور صوبوں کا رجحان موجود ہے کیونکہ اس سے گورننس بہتر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں نئے صوبے قائم کیے جائیں تاکہ انتظامی امور مزید مؤثر بن سکیں اور عام شہریوں کو بھی قیادت کے مواقع حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے چند سیاسی خاندان ملکی سیاست پر حاوی ہیں، جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے نئی قیادت سامنے آئے گی اور حقیقی جمہوری عمل کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں عوام کی رائے معلوم کریں اور اگر ضرورت ہو تو نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا جائے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو اس فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔شیخ مختار احمد اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتیں ماضی میں اپنے انتخابی منشور میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر چکی ہیں، اس لیے اب اس معاملے پر عملی پیش رفت کی جانی چاہیے۔انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی نظام تباہ ہو چکا ہے تو اس کے ذمہ دار عناصر کی بھی نشاندہی کی جانی چاہیے تاکہ اصلاحات مؤثر انداز میں نافذ کی جا سکیں۔پریس کانفرنس کے دوران شیخ مختار احمد اعوان نے ملکی دفاع اور خارجہ امور پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کا مؤثر مقابلہ کیا اور بین الاقوامی سطح پر اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے بہتر مستقبل کے لیے ایک مشترکہ قومی حکمت عملی اختیار کریں اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کریں۔آخر میں شیخ مختار احمد اعوان نے اعلان کیا کہ پاسبانِ وطن پاکستان نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی، اور اگر اس مطالبے پر پیش رفت نہ ہوئی تو جماعت ملک گیر عوامی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

مزید خبریں