جمعه,  24 جولائی 2026ء
بلاول! کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا ، یہ میر پور ہے ، میر پور خاص نہیں: نواز شریف کا چیئرمین پیپلز پارٹی کو جواب

میر پور(روشن پاکستان نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے  کہا ہے کہ سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔

میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا ، یہ میر پور ہے ، میر پور خاص نہیں ہے، نواز شریف نے کہا بلاول برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا ، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے  مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے، آج حال جتنا اچھا ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں، میرے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، میں پوچھنا چاہتا ہوں میرے بعد آنے والوں نے کشمیر کیلئےکیاکیا؟

کشمیر کا فیصلہ سندھ یا پنجاب نہیں بلکہ کشمیری عوام خود کریں گے:بلاول بھٹوزرداری

نواز شریف نے کہا میں آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں پہلا گھر سمجھتا ہوں ، میں آج آزاد کشمیر کے لیے منشور بھی ساتھ لےکر آیا ہوں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر  ن لیگ کی مہر نظر  آئےگی، ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینی ہے، آزادکشمیر میں بھی کینسر اور دل کے امراض کے بے شمار  اسپتال بننے چاہیے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم یہاں پر جدید ترین الیکٹرک بسیں آپ کے لیے لیکر آئی ہیں، مریم یہاں پر 10 موبائل اسپتال لیکر آرہی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے، مری سے مظفر آباد تک ایکسپریس ویز بنائیں گے۔

نواز شریف نے کہا  آپ نے مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا تو کشمیر کے چپے چپے خود جاؤں گا، میرپورکےگھرگھر میں گیس کی سہولت ہوگی، شہباز شریف سے کہوں گا کہ میرپور میں بین الاقوامی ائیرپورٹ ہوناچاہیے۔

مزید خبریں