اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 3 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 227.526 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئیں۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کی جانے والی کارروائیوں میں اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح پشاور رنگ روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
دیگر کارروائیوں میں کراچی ایئرپورٹ روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے واسکٹ میں جذب کی گئی 13.3 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں ایک کوریئر آفس سے برطانیہ سے آنے والے پارسل میں بوتل کے اندر چھپایا گیا 40 گرام کینابینائیڈ آئل بھی قبضے میں لیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار
کراچی کے ایک اور کوریئر آفس میں پارسل کے اندر موجود کراکری آئٹمز سے 17 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ پشاور رنگ روڈ کے ایک کوریئر آفس میں کریم جار کے اندر چھپائی گئی 556 گولیاں، جن کا مجموعی وزن 368 گرام تھا، برآمد کی گئیں۔
مزید برآں، کوہاٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر ایک آئل ٹینکر سے 180 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ننکانہ صاحب ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 15 کلوگرام ہیروئن برآمد ہونے پر 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف نے تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔











