لاہور: درجنوں شادی ہال اور بلڈرز کے دفاتر سیل

لاہور(روشن پاکستان نیوز): ٹیکس کی عدم ادائیگی پر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں شادی ہال اور بلڈرز کے دفاتر سیل کر دیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کیا اور ٹیکسز کی عدم ادائیگی پر درجنوں شادی ہالز، مارکیز اور 15 بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے دفاتر سیل کر دیے۔

ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا اور ملتان ڈویژن میں کی گئیں۔

لاہور انفورسمنٹ ٹیموں نے متعدد ریسٹورنٹس کی آمدن کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا اور 25 کو نوٹسز جاری کیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چھان بین کے دوران ریسٹورنٹس کے سیل ریکارڈ اور ٹیکس ادائیگی میں تضاد پر ریکارڈ ضبطی کی گئی۔

چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال کا کہنا ہے کہ بار بارخلاف ورزی پر اداروں کو جرمانے، سیلنگ، قانونی نوٹسز جاری کیے گئے اور اب سیلز ٹیکس وصولی میں بے ضابطگیوں، ٹیکس گوشواروں میں خورد برد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو کلیکشن سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا تھا، جس میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے ان بڑے اداروں میں خصوصی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

طوفان ہار گیا، محبت جیت گئی، پیٹرول پمپ پر نکاح، لاہور میں منفرد شادی کی داستان وائرل

پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، جہاں اب ہر ٹرانزیکشن کا مکمل حساب رکھا جائے گا۔

اجلاس میں جعلی رسیدیں دینے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ بڑے ریسٹورنٹس میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی قرار دینے پر بھی غور کیا گیا۔

مزید خبریں