پشاور(روشن پاکستان نیوز) حسن خیل کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکار وطن پر قربان ہوگئے۔ شہداء کی نماز جنازہ پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
شہداء میں نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، سپاہی احسان اور سپاہی ریاض شامل ہیں۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ملک لیاقت، صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
رواں سال میں پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف 28 مقدمات درج
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکسو ہے، جبکہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
بعد ازاں آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو حسن خیل میں پیش آنے والے واقعے اور سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔











