روم(روشن پاکستان نیوز) جنوبی اٹلی میں ایک فارم ہاؤس پر پیش آنے والے دلخراش واقعے میں چار پاکستانی نژاد فارم ورکرز کے مبینہ قتل کی اطلاعات سامنے آئی ہیں, اطالوی میڈیا کے مطابق واقعے میں جاں بحق افراد کی نعشوں کو مبینہ طور پر جلا دیا گیا۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق واقعے سے متعلق دلخراش اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم جاں بحق افراد کی شہریت کی تاحال مکمل تصدیق نہیں ہو سکی, ترجمان نے بتایا کہ بظاہر یہ افراد پاکستانی نژاد خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2026: امریکی ایلچی کی ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز
ترجمان نے مزید کہا کہ مقامی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں فرانزک شواہد کا جائزہ بھی شامل ہے۔ اٹلی میں پاکستانی سفارت خانہ اس معاملے کی مسلسل پیروی کر رہا ہے اور مقامی حکام سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حتمی معلومات سامنے آنے کے بعد باضابطہ مؤقف اختیار کیا جائے گا۔











