هفته,  24 اکتوبر 2026ء
اوورسیز کشمیریوں کی کامیابی تاریخی پیش رفت ہے، بیرسٹر امجد ملک

لاہور:(روشن پاکستان نیوز) صوبائی وزیر اور وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے آزاد کشمیر کے ممبر اسمبلی، وزیر سیاحت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر برطانیہ کے صدر چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ بیرسٹر امجد ملک نے چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں کو آزاد کشمیر اسمبلی کا رکن منتخب ہونے اور وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارکین وطن اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں کا آزاد کشمیر اسمبلی میں منتخب ہونا اور وزارت کی ذمہ داری سنبھالنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، جدوجہد اور عزم کے ذریعے اوورسیز پاکستانی قومی اور سیاسی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی سیاست اور فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت اور کردار کو سراہا۔

بیرسٹر امجد ملک نے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارکین وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے، کیونکہ مستقل مزاجی، محنت اور عزم ہی کامیابی کی منزل تک پہنچاتے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں، بالخصوص روس سمیت مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جانب سے بیرسٹر امجد ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں