هفته,  24 اکتوبر 2026ء
بہاماس: بچوں کو بچانے کی کوشش میں برطانوی خاتون سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

ناساؤ (روشن پاکستان نیوز) بہاماس میں چھٹیوں پر آئی برطانوی خاتون اپنے دو بچوں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گئی۔ 36 سالہ لیان گریگوری اپنے شوہر نیتھن گریگوری اور دو بیٹوں کے ہمراہ بہاماس کے جزیرے بیمینی میں تعطیلات گزار رہی تھیں کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سمندر میں تیز لہروں اور طاقتور سمندری دھاروں کے باعث بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک بچے کو خطرے میں دیکھ کر لیان اسے بچانے کے لیے پانی میں کود گئیں، تاہم تیز دھارے کے باعث وہ خود بھی مشکل میں پھنس گئیں۔

واقعے کے دوران ان کے شوہر نیتھن گریگوری نے بھی اپنی اہلیہ کو بچانے کی کوشش کی اور انہیں مصنوعی تنفس فراہم کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ امدادی اداروں نے دونوں بچوں کو بحفاظت پانی سے نکال لیا، جبکہ ڈاکٹروں نے لیان کو مردہ قرار دے دیا۔

عمانی سلطان کا 44 سال بعد برطانیہ کا پہلا سرکاری دورہ، شاہ چارلس نے حدیث پڑھ کر سنائی

عینی شاہد کیٹی ریسنیتی نے سوشل میڈیا پر لیان کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔ انہوں نے لیان کے شوہر کے لیے بھی دعاؤں کی اپیل کی، جنہوں نے اپنی اہلیہ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی۔

لیان اور نیتھن بچپن کے دوست تھے اور دونوں بیس سال سے زائد عرصے سے ایک ساتھ تھے۔ ان کا تعلق برطانوی علاقے اسٹاپل فورڈ، ناٹنگھم شائر سے تھا۔

رائل بہاماس پولیس فورس کے ترجمان کے مطابق واقعے میں کسی مجرمانہ کارروائی کا شبہ نہیں ہے۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے بھی لیان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے اور خاندان کو ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں