جمعرات,  07 مئی 2026ء
لاہور میں مویشی منڈیاں 13 مئی سے فعال، 5 عارضی سیل پوائنٹس قائم

لاہور(روشن پاکستان نیوز) عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر لاہور میں مویشی منڈیوں کے قیام کا باقاعدہ آغاز 13 مئی سے کیا جا رہا ہے، جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ بڑے عارضی سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔

انتظامیہ نے غیرقانونی سیل پوائنٹس کیخلاف سخت کارروائی کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے مطابق شہر میں عارضی منڈیاں سگیاں (25 ایکڑ)، سپورٹس کمپلیکس واہگہ (50 ایکڑ)، برکی روڈ (20 ایکڑ)، ایل ڈی اے سٹی (65 ایکڑ) اور رائیونڈ (25 ایکڑ) پر قائم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ شاہ پور کانجراں میں قائم ماڈل مویشی منڈی مستقل بنیادوں پر فعال رہے گی جہاں جانوروں کی خرید و فروخت جاری رہے گی۔

عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں کے حوالے سے بڑی خوشخبری

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام عارضی منڈیوں میں ٹینٹس، بیت الخلاء، مناسب لائٹنگ اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، آگاہی کیلئے مختلف مقامات پر معلوماتی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو رہنمائی مل سکے۔

سکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں پنجاب پولیس اور پیرا فورس تعینات ہوں گی، اس کے ساتھ ہی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو سروسز اور لائیواسٹاک ڈیپارٹمنٹ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

حکام کے مطابق غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف مقررہ مقامات سے ہی قربانی کے جانور خریدیں تاکہ سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں